پٹنہ،10/جون (آئی این ایس انڈیا) بہار میں اس سال اکتوبر میں اسمبلی انتخابات ہونے ہیں، اس کیلئے سیاسی پارٹیاں اپنی اپنی سطح سے تیاریاں کررہی ہیں۔ حکمراں جماعت جے ڈی یو اور اہم اپوزیشن کے درمیان ایک دوسرے پر الزام تراشی اورجوابی حملہ جاری ہے۔
اسی تناظر میں بہارپردیش آر جے ڈی کے ریاستی صدر جگدانند سنگھ نے آج حکمراں جے ڈی یو پر الزام عائد کرتے ہوئے کہاہے کہ ملک میں بہار کو بدنام کرنے والے آج اقتدار میں ہیں۔ وہ نوجوانوں کو گمراہ کررہے ہیں۔ہماری پارٹی نے نے انہیں پر امن بہارسونپا تھا۔ آج جرائم کے واقعات میں بہت اضافہ ہواہے۔افسر شاہی بے لگام ہے۔ ہم میڈیا کے سامنے یا عوام کے سامنے اس موضوع پر بحث ومباحثہ کیلئے تیار ہیں۔
جگدانند سنگھ نے آج پٹنہ میں منعقدہ پریس کانفرنس کے دوران یہ باتیں کہیں۔قابل ذکر ہے کہ کل ہی ریاستی وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے لالو پرساد اور رابڑی دیوی کو نشانہ بناتے ہوئے کہا تھا کہ پندرہ سال پہلے، شوہر اور بیوی کی حکمرانی کے تحت، کچھ اضلاع میں غنڈوں کی متوازی حکومتیں تھیں۔ لوٹ مار، قتل، اغوا اور نسل کشی کا راج رہا۔ لوگ شام کو گھر چھوڑنے سے خوفزدہ تھے۔ لیکن آج پورے بہار میں قانون کی حکمرانی ہے۔ ہم نہ تو کسی کو پھنساتے ہیں اور نہ ہی کسی کو بچاتے ہیں۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ نیشنل کرائم ریکارڈ بیورو کے 2018 کے اعدادوشمار کے مطابق، ہندوستان بھر میں اوسطا ً38 ہر ایک لاکھ آبادی میں جرائم کے 383.5 مقدمات درج کیے گئے، جبکہ بہار میں 222.1 کیس کہیں کم تھے۔ قابل اعتراف جرم کے معاملہ میں بہار کا ملک میں 23 واں نمبر ہے۔